کیا فیس بک پیج کے ذریعے بغیر کسی سرمایہ کاری کے پیسے کمائے جاسکتے ہیں؟

سوال: کیا ایسا کوئی طریقہ ہے کہ فیس بک پیج کے ذریعے بغیر کسی سرمایہ کاری کےکمایا جاسکے؟ میرا مطلب ہے کہ فیس بک پیج پر ویڈیوز اپ لوڈ کرکے یا اچھی پوسٹس بنا کر شیئر کرنے سے کمائی کی جاسکتی ہے؟

بدقسمتی سے ہمارے یہاں نوجوانوں کی اکثریت انٹرنیٹ سے پیسہ تو کمانا چاہتی ہے لیکن اس بارے میں زبردست غلط فہمیوں اور خوش فہمیوں کا شکار ہے۔ ہمیں موصول ہونے والی اکثر ای میلز اور ایس ایم ایس پیغامات میں لوگ پوچھتے ہیں کہ ایسے کون سے جادوئی طریقے ہیں جن سے وہ انٹرنیٹ سے پیسے کما سکتے ہیں۔ افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ زیادہ تر افراد کا اصرار اس بات پر ہوتا ہے کہ انہیں بغیر کسی محنت کے یا صرف کلک کرنے سے ہونے والی کمائی کے طریقے بتائیں جائیں۔ ہم اپنے سابقہ کئی مضامین میں یہ بات بارہاکہہ چکے ہیں کہ انٹرنیٹ پر کمانے کے لئے بھی ویسے ہی محنت مزدوری کرنی پڑتی ہے جیسے عام زندگی میں پیسے کمانے کے لئے کی جاتی ہے۔

آپ نے پوچھا کہ بغیر کسی سرمایہ کاری کے فیس بک پیج سے پیسے کیسے کمائے جائیں۔ ہم عرض کردیں کہ شاید یہ ممکن بھی ہو لیکن یہ کافی غیر حقیقی ہے۔ ہر کاروبار کے لئے آپ کو کچھ نہ کچھ سرمائے کی ضرورت لازمی پیش آتی ہے۔ صرف فیس بک پیج پر ویڈیوز اپ لوڈ کرکے یا اچھی پوسٹس شیئر کرکے آپ پیسے نہیں کما سکتے یا کم از کم کسی جائز طریقے سے نہیں کما سکتے۔ فیس بک کی اپنی کمائی کا دارومدار اس بات پر ہے کہ فیس بک پیج مالکان یا ویب سائٹ مالکان اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لئے اسے رقم دیں۔ آج سے چار یا پانچ سال پہلے صورت حال بہت مختلف تھی۔ تب آپ اپنے پیج پر کوئی پوسٹ لگاتے تھے تو پیج لائک کرنے والے بیشتر لوگوں تک وہ پوسٹ پہنچ جاتی تھی۔ لیکن اب ایسا بغیر پیسہ خرچ کئے ممکن نہیں۔ اختصار سے کہا جائے تو صرف فیس بک پیج پر اچھی اچھی پوسٹس لگانے یا ویڈیو شیئر کرنے سے کام نہیں بنے گا۔ فیس بک جو خود پیسے کمانے کے بہانے ڈھونڈ رہا ہے، وہ آخر کیوں آپ کو پیسے دے گا؟

فیس بک پیج سے پیسے کمانے کے لئے آپ کو لازمی کچھ ترکیبیں لڑانی ہونگی۔ مثلاً آپ اپنا ایک آن لائن اسٹور بنا سکتے ہیں اور اس اسٹور پر کوئی چیز (کپڑے، جیولری وغیرہ) فروخت کے لئے پیش کرسکتے ہیں۔ پھر اپنے فیس بک پیج کی شہرت کا فائدہ اٹھا کر لوگوں کو اپنی پوسٹس ، ویڈیوز یا تصاویر کے ذریعے اپنے اسٹور کی جانب راغب کرسکتے ہیں تاکہ وہ وہاں خریداری کریں۔ اس کے علاوہ آپ اپنی کسی ویب سائٹ کا فیس بک پیج بنا سکتے ہیں اور فیس بک پیج پر آنے والے قارئین کو اپنی ویب سائٹ کی جانب راغب کرسکتے ہیں جہاں اشتہار لگا کر پیسے کمائے جاسکتے ہیں۔

پیسے کمانے کی ایسی ہی کئی دوسری قابل عمل ترکیبیں ہوسکتی ہیں۔ ان تمام ترکیبوں میں ایک چیز مشترک ہے کہ یہ بغیر محنت اور لگن کے بالکل بیکار ہیں اور وقت کا ضیاع ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہیں قابل عمل بنانے کے لئے آپ کو کچھ نہ کچھ سرمایہ کاری ضرور کرنی پڑتی ہے۔ یہ سرمایہ کاری صرف آپ کے پیسے ہی نہیں بلکہ وقت اور محنت کی شکل میں بھی درکار ہوتی ہے۔

Comments are closed.