اب فیس بک میسنجر میں فون کیمرے سے جف بنائیں

GIF اس وقت ایک انتہائی مقبول اینی میشن فارمیٹ ہے۔ چاہے کوئی اسے جِف کہتا ہو یا گِف، لیکن پسند سبھی کرتے ہیں۔ کیونکہ اس کی اینٹی میٹیڈ تصویر جو کہ صرف چند سیکنڈز پر محیط ہوتی ہے کہ ایک مکمل کہانی وڈیو کی صورت میں دِکھا دیتی ہے۔

اس کا اصل نام چونکہ جِف ہے اس لیے ہم اسے جِف ہی کہیں گے۔ اور جیسا کہ ہم نے کہا کہ یہ اس وقت انتہائی مقبول فارمیٹ ہے اور سبھی دلچسپ جف تصاویر ایک دوسرے سے شیئر کرنا پسند کرتے ہیں اس لیے آپ نے دیکھا ہو گا کہ اس کی سپورٹ اب ہر ایپ میں شامل کی جا رہی ہے۔

تھوڑے ہی عرصہ پہلے وٹس ایپ میں جف کو شامل کیا گیا تھا لیکن اب فیس بک میسنجر نے ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے جف شیئر کرنے کا نہیں بلکہ فون کیمرے سے جف بنانے کا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

جی ہاں اب آپ کو اپنی ذاتی جف تصاویر بنانے کے لیے کسی قسم کا پیچیدہ کام کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ فیس بک میسنجر میں جس طرح تصویر یا وڈیو بنانے کے لیے کیمرا کھولتے ہیں بلکہ اسی طرح اگر آپ اوپر دیکھیں گے تو جف (GIF) کا آپشن بھی موجود ہو گا۔ یعنی اب آپ فون کیمرے کی مدد سے چند سیکنڈ کی جف بنا سکتے ہیں۔

اس طرح آپ کی ریکارڈ کردہ وڈیو کو فوراً ہی جف میں بدل کر آپ کے دوستوں سے شیئر کرنے کے لیے پیش کر دیا جائے گا۔ یہی نہیں اس طرح جف بناتے ہوئے آپ مختلف فلٹرز استعمال کرتے ہوئے جف کو مزید خوبصورت اور دلکش بھی بنا سکتے ہیں۔

یقیناً آپ فیس بک میسنجر میں اسنیپ چیٹ کی طرح چہرے پر مختلف کارٹونز وغیرہ لگانے کا فیچر تو پہلے ہی استعمال کر رہے ہوں گے اور اس نئے فیچر کو بھی فوری استعمال کرنا چاہیں گے لیکن اس کے لیے آپ کو تھوڑا سا انتظار کرنا ہو گا کیونکہ یہ فیچر فی الحال صرف مخصوص آئی او ایس صارفین کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ فیچر صرف آئی او ایس یعنی آئی فون اور آئی پیڈ صارفین تک محدود رکھا جائے لیکن ایسا مشکل نظر آتا ہے کہ اینڈروئیڈ صارفین کو اس سے محروم رکھا جائے، بلکہ ہو سکتا ہے ان سطور کی اشاعت تک یہ فیچر اینڈروئیڈ صارفین تک پہنچ بھی چکا ہو۔

 

Comments are closed.