ڈیٹا ریکوری کے مفت ٹولز

یوں تو، بقول فیض احمد فیض، دنیا میں محبت کے سوا بھی بہت سے دکھ ہیں، لیکن اپنے قیمتی ڈیٹا کے کھو جانے کا غم، کئی لوگوں کے لئے سب دکھوں سے بڑھ کر ہے۔ محبوب کی بیوفائی کا روگ کم ہوسکتا ہے، لیکن ہارڈڈسک کی دغابازی کے ’’سائیڈ ایفیکٹس‘‘ زیادہ جان لیوا ہوسکتے ہیں۔ اگرچہ وقت کے ساتھ ہارڈڈسک کی ڈیٹا محفوظ کرنے کی صلاحیت زیادہ سے زیادہ قابل اعتبار ہوتی آئی ہے، مگر اس کے باوجود ڈیٹا کا ضائع ہونا ایک عام بات بن چکی ہے۔ جس طرح دلوں کے غم، وقت کا مرہم غلط کرتا ہے، اسی طرح خوش قسمتی سے ضائع شدہ ڈیٹا کو واپس حاصل کرنے کے لئے ڈیٹا ریکوری جیسے سافٹ ویئر کا منجن بھی دستیاب ہے۔ اور یہ دوا مفت بھی دستیاب ہے! ہمارے اس مضمون کا مقصد بھی آپ کو ایسے ہی سافٹ ویئر سے روشناس کرانا ہے جو ڈیٹا ضائع ہونے کی صورت میں آپ کے دکھوں کا ’مفت مداوا‘ کرے گے۔

اس سے پہلے کہ ہم ان ’’بائنری ادویات‘‘ کے بارے میں لکھیں، آئیے ڈیٹا ضائع ہونے کے وجوہ کے بارے میں جانتے ہیں۔
ڈیٹا کے ضائع ہونے کی سب سے بڑی وجہ فائلز یا فولڈرز کو حادثاتی طور پر ڈیلیٹ کرنا ہوتی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ نے کوئی اہم فائل کسی غیر اہم فولڈر میں محفوظ ( یا چھپا J) رکھی ہو اور فولڈر کو ڈیلیٹ کرتے ہوئے وہ بھی ڈیلیٹ ہوجائے! یہ بہت ہی عام صورت حال ہے جس سے اکثر دوستوں کا واسطہ پڑتا رہتا ہے۔ دوسری بڑی وجہ ہارڈڈسک، میموری کارڈ، یو ایس بی یا پارٹیشن کو فارمیٹ کردینا ہے۔ آپریٹنگ سسٹم کی انسٹالیشن کے دوران بے احتیاطی سے غلط پارٹیشن فارمیٹ ہوسکتی ہے اور سارے ڈیٹا سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ ڈیٹا اس صورت میں بھی ناقابل رسائی ہوسکتا ہے جب ڈسک پر کوئی لاجیکل ایرر (فائل سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی) واقع ہوجائے۔ ایسا عموماً اچانک بجلی چلے جانے یا ہارڈ ویئر کی کسی خرابی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ اگرچہ جدید فائل سسٹمز (جیسےNTFS) میں اس قسم کے ایررز سے بچنے کے صلاحیت ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود لاجیکل ایررز واقع ہوتے رہتے ہیں اور ان کی وجہ سے لوگ اپنے ڈیٹا سے محروم ہوجاتے ہیں۔

آخری بڑی وجہ اسٹوریج میڈیا کے ہارڈ ویئر میں پیدا ہونے والی خرابی ہے مثلاً ہارڈڈسک کی موٹر خراب ہوجائے، اس کا پلاٹر گھومنا بند کردے یا میموری کارڈ ٹوٹ جائے۔ طبعی (فیزیکل) طور پر خراب اسٹوریج میڈیا سے ڈیٹا ریکور کرنے کے لئے سافٹ ویئر چاہے وہ مفت ہو یا خریدا ہوا، کام نہیں آتا۔ اس قسم کے اسٹوریج میڈیا سے ڈیٹا ریکور کرنا ایک مشکل اور پروفیشنلز کا کام ہے۔طبعی طور پر خراب ہارڈڈسک میں سے ڈیٹا نکلانے کے لئے خاص مشینیں استعمال کی جاسکتی ہیں۔ ان آلات کے ذریعے ڈسک کی امیج (image) بنا لی جاتی ہے جسے کسی دوسری صحیح ڈسک پر restore کرکے اس میں سے ڈیٹا نکالنے اور ری پیئر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ خراب ہارڈڈسک میں سے ڈیٹا نکالنے کیلئے اس کے پلاٹر کو باہر نکلانا پڑتا ہے۔ یہ سارا عمل ایک گرد و غبار سے مکمل طور پر پاک ماحول میں کیا جاتا ہے تاکہ پلاٹر کو نقصان نہ پہنچے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اگر خدا نخواستہ آپ کے ساتھ بھی ایسی ہی کوئی صورت حال درپیش ہے اور ڈیٹا بہت قیمتی ہے تو ہمارا مشورہ ہے کہ خود ڈیٹا ریکور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ کئی بار ڈاکٹر کو بھی ڈاکٹر کی ضرورت پڑ سکتی ہے!

ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر صرف اسی صورت میں قابل استعمال ہوتے ہیں جب اسٹوریج میڈیا بھی قابل استعمال ہو۔ آپ انہیں کسی ایسی ڈسک پر استعمال نہیں کرسکتے جسے کمپیوٹر detect ہی نہ کررہا ہو۔

موٹر والی عام ہارڈڈرائیوز میں خرابی پیدا ہونے لگے تو کچھ علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈرائیوز یا SSD میں چونکہ مکینکل پارٹس (موٹر وغیرہ) نہیں ہوتے، اس لئے یہ عام ہارڈڈسک کے مقابلے میں بالکل ’’اچانک‘‘ ہی خراب ہوتی ہیں۔ ساتھ ہی یہ جدید اسٹوریج ڈیوائسس TRIM کمانڈ کا استعمال کرتی ہے جس کی وجہ سے ان سے ڈیٹا ریکور کرنا خاصا مشکل کام ہے۔ گِل ویئر (Gillware) جو ایک معروف ڈیٹا ریکوری کمپنی ہے، نے کچھ عرصہ پہلے سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈرائیوز کے بارے میں اپنی تحقیق رپورٹ جاری کی۔ اس رپورٹ میں انہوں نے بتایا سالڈ اسٹیٹ ٹیکنالوجی نے ڈیٹا ریکوری کرنے والے ماہرین کے لئے انجینئرنگ کے نئے مسائل کھڑے کردیئے ہیں۔

Comments are closed.