آئی فون 8 سے متعلق اُڑتی افواہیں

ایپل کے اگلے آئی فون کے لئے افواہیں اور قیاس آرائیاں شدت پکڑ گئی ہیں۔ ہر بار کی طرح آئی فون میں جادوئی فیچرز شامل کئے جانے کی افواہیں سرگرم ہیں۔ان میں سے کچھ افواہیں حد سے زیادہ مبالغہ آمیز جبکہ کچھ افواہیں حقیقت سے قریب تر ہیں۔ایپل کے مصنوعات کے متعلق قیاس آرائی کرنے والی بیشتر ویب سائٹس اس بات پر متفق نظر آتی ہیں کہ آئی فون کے اگلے ورژن میں بڑے سائز کی اسکرین نصب ہوگی۔ جبکہ وائرلیس چارجنگ کی ایڈوانس ٹیکنالوجی کےاستعمال کے بارے میں بھی یہ ذرائع خاصی باتیں کررہے ہیں۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ایپل آئی فون کے اگلے ورژن میں جو وائرلیس ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی، اس کی بدولت اس فون کو چارجنگ پیڈ پر رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

 

اسی دوران ایک رپورٹ آئی ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایپل نے وائرلیس چارجنگ کے لئے درکار ضروری پارٹس کے لئے چین کی ایک کمپنی سے معاہدہ کیا ہے اور ایپل اس بار آئی فون میں وہ وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی استعمال کرنے جارہا ہے جس اس سے پہلے کسی اسمارٹ فون میں استعمال نہیں کی گئی۔

DigiTimes نے چین کے ایک میڈیا ہاؤس کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ تائیوان کی سیمی کنڈکٹر کمپنی Lite-on نے ایپل کو GPP برِج ریکٹی فائر فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے جنہیں iPhone 8 میں وائرلیس چارج کے لئے استعمال کیا جائے گا۔Lite-on اور ایپل کا تعلق ایک دہائی سے بھی زیادہ پرانا ہے۔ یہ کمپنی ایپل کی مصنوعات کے لئے سیمی کنڈکٹر آلات فراہم کرتی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لائٹ اون کو آئی فون کے لئے درکار کل ریکٹی فائرز میں سے آدھے فراہم کرنے کا آرڈر دیا گیا ہے۔ نصف ممکنہ طور پر کسی دوسری کمپنی سے حاصل کئے جائیں گے۔

اگلے ایپل آئی فون کی قیمت ایک لاکھ روپے سے شروع ہوگی، نئی افواہیں

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

ساتھ ہی یہ افواہ بھی چل رہی ہے کہ Energous نامی کمپنی بھی وائرلیس ٹیکنالوجی کے لئے ایپل کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔ اس کمپنی نے گزشتہ سال اپنی WattUp ٹیکنالوجی کا عملی مظاہرہ پیش کیا تھا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت کسی ڈیوائس کو دور سے بھی چارج کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت دستیاب وائرلیس چارجنگ فونز کو ایک چارجنگ پیڈ کے اوپر رکھنا پڑتا ہے۔ اس دوران اگرچہ فون کے ساتھ کوئی چارجنگ کیبل تو نہیں لگی ہوتی لیکن فون تقریباً ناقابل استعمال ہوجاتا ہے۔ کیونکہ چارجنگ کے لئے بہرحال اسے پیڈ کے اوپر چھوڑنا پڑتا ہے۔

ایپل آئی فون کہاں بنتے ہیں اور ان پر کتنی لاگت آتی ہے؟

لاننگ رینج وائرلیس چارجنگ کے حوالے سے ایپل نے کچھ ایجادات بھی پیٹنٹ کروائی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی میں کمپنی لانگ رینج وائرلیس چارجنگ کے تجربات کرتی رہی ہے۔ اس وقت صرف ایپل واچ ہی وہ واحد پراڈکٹ ہے جس میں وائرلیس چارجنگ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ ایپل آئی فون 8 کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس میں دور سے ہی چارج ہوجانے کی صلاحیت ہوگی۔ یعنی فون آپ کے ہاتھ میں ہوگا، آپ اسے استعمال کررہے ہونگے، ساتھ ہی وہ چارج بھی ہورہا ہوگا۔
حال ہی میں آئی فون کی دسویں سالگرہ کے موقع پر ایپل کے سی ای او ٹِم کُک کا کہنا تھا کہ ایپل کے جانب سے سب سے بہتر پراڈکٹ آنا ابھی باقی ہے۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 125 میں شائع ہوئی

آئی فون 8 کی ایک کونسیپٹ وڈیو بھی کافی مقبول ہو رہی ہے، ملاحظہ کیجیے:

Comments are closed.