کیا کمپیوٹر کسی ویب سائٹ پر جانے سے وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے؟

یہ سوال گزشتہ ماہ ہم سے ایک قاری نے پوچھا تھا کہ کیا ویب براؤزر میں کسی ویب سائٹ کو کھولنے سے کمپیوٹر وائرس سے متاثرہ ہوسکتا ہے؟

اس سوال کا جواب ہے، جی ہاں۔ ویب سائٹس کے ذریعے وائرس پھیلانے کا طریقہ کار بہت کامیاب ہے۔ اس لئے ہیکرز اسے بڑے پیمانے پر استعمال کرتے ہیں۔ ویب سائٹ سے وائرس پھیلانے کے لئے کئی طریقے استعمال کئے جاتے ہیں۔ مثلاً کئی لوگ کریک سافٹ ویئر استعمال کرنے کے شیدائی ہوتے ہیں اور ہر سافٹ ویئر کا کریک ورژن اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن ہر سافٹ ویئر کا کریک ورژن یا Keygen نہیں ملتا۔ اس لئے وائرس پھیلانے والی ویب سائٹس ایسے کریک ورژن ڈاؤن لوڈ نگ کے لئے پیش کرتی ہیں جو کہ کہیں اور نہیں مل سکتے۔ لیکن درحقیقت یہ کریک ورژن وائرس ہوتے ہیں۔ ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ہیکر ویب براؤزر میں پائی جانے والی خامیوں کا فائدہ اٹھا تے ہیں۔ جب خرابی رکھنے والے ویب براؤزر سے وائرس پھیلانے والی ویب سائٹ ملاحظہ کی جاتی ہے تو ویب سائٹ پر موجود ہیکر کا کوڈ براؤزر کی خامی کو استعمال کرتے ہوئے کمپیوٹر میں وائرس ڈاؤن لوڈ کردیتا ہے۔ بدقسمتی سے ویب براؤزر خامیوں سے پاک نہیں ہیں اور نہ ہی مستقبل میں ایسی کوئی امید رکھنی چاہئے۔ لہٰذا کسی بھی عجیب و غریب ویب سائٹ کو ملاحظہ کرنے سے گریز کریں۔ ان میں خاص طورپر اخلاق باختہ ویب سائٹس ہیں جنہیں وائرس پھیلانے کے لئے بطور ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے۔

Comments are closed.