سسٹم آئیڈل پروسس کیوں ہمیشہ 99 فی صد سی پی یو استعمال کرتا ہے؟

سوال:

میرا کمپیوٹر بہت سست رفتاری سے کام کررہا ہے۔ میں جب ٹاسک منیجر میں پروسسز دیکھتا ہوں تو وہاں سسٹم آئیڈل پروسس ( System Idle Process)  کا پروسس 99 فی صد سی پی یو استعمال کررہا ہوتا ہے۔ کیا یہ کوئی وائرس ہے جس کی وجہ سے میرا کمپیوٹر سست رفتار ہورہا ہے؟

جواب:

System Idle Process کی وجہ سے کئی لوگ پریشان رہتے ہیں۔ ٹاسک منیجر میں عموماً یہ پروسس عموماً 80 سے 99  فی صد تک سی پی یو استعمال کرتے ہوئے نظر آتا ہے۔ لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ اس وقت دستیاب تمام ہی آپریٹنگ سسٹم ملٹی ٹاسکنگ (multi-tasking) کرتے ہیں۔ اگر آپ نےاگر کبھی ڈوس آپریٹنگ سسٹم استعمال کیا ہو تو آپ یقیناً جانتے ہونگے کہ اس میں ایک وقت میں صرف ایک ہی کام کیا جاسکتا ہے۔ لیکن اس کے بعد آنے والے آپریٹنگ سسٹمز میں ملٹی ٹاسکنگ متعارف کروائی گئی جس کے بعد بیک وقت کئی پروگرام چلائے جاسکتے ہیں۔ ملٹی ٹاسکنگ جیسا ہی ایک عمل ملٹی تھریڈنگ کا بھی ہے۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں کسی پروسس یا پروگرام کے مختلف حصے الگ الگ کام کررہے ہوتے ہیں لیکن ان کے درمیان رابطہ ہر وقت قائم رہتا ہے۔ مثلاً ایک ملٹی تھریڈ پروگرام کا ایک تھریڈ صارف سے ان پٹ لیتا رہتا ہے ،دوسرا تھریڈ اس ان پٹ پر پروسسنگ کا عمل کرتا ہے، جبکہ تیسرا تھریڈ ان پٹ کے مطابق آؤٹ پٹ ظاہر کرتا ہے۔ ملٹی تھریڈنگ سے پروگرامز زیادہ بہتر طریقے سے چلتے ہیں۔

System Idel Process میں مائیکروسافٹ ونڈوز کے ایسے کرنل تھریڈز (Kernel Threads) ہوتے ہیں جو اس وقت چلائے جاتے ہیں جب کوئی دوسرا پروسس یا تھریڈ سی پی یو پر چلانے کے لئے دستیاب نہ ہو۔ یعنی اگر System Idle Process ٹاسک منیجر میں 90 فی صد استعمال دکھا رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ سی پی یو کی 90  فی صد طاقت ابھی استعمال نہیں کی جارہی۔ جیسے ہی آپ کوئی پروگرام چلائیں گے ،ونڈوز System Idle Process کے زیر استعمال کرنل تھریڈ ز کی جگہ آپ کا پروگرام چلانا شروع کردے گی۔ صارف کے چلائے گئے پروگرامز کو ہمیشہ System Idle Process پر فوقیت دی جاتی ہے۔ لہٰذا آپ کا سوال کہ کیا اس پروسس کی وجہ سے آپ کا سسٹم سست رفتار ہورہا ہے، کا جواب ہے نہیں۔ یہ کوئی وائرس ہے نہ کوئی مسئلہ۔ اگر آپ کا کمپیوٹر سست رفتاری سے چل رہا ہے تو اس کی سینکڑوں وجوہ ہوسکتی ہیں۔ آپ کو چاہئے کہ اپنے کمپیوٹر کو کسی اچھے اینٹی وائرس اور اینٹی روٹ کٹ (Rookkit) سے اسکین کریں۔ اس طرح کے مسائل کی عمومی وجہ وائرس یا روٹ کٹ ہی ہوتی ہیں۔ وائرس تلاش کرنا آسان ہوتا ہے لیکن روٹ کٹ ڈھونڈنا بہت مشکل۔ اس کے لئے آپ کو روٹ کٹ تلاش کرنے کے معروف اینٹی وائرس استعمال کرنے چاہئے ۔

ایک تبصرہ
  1. ناصر الدین عامر says

    Interesting..

Comments are closed.